نئی دہلی،23مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی حکومت نے ایئر انڈیا کے آزاد ڈائریکٹر کے عہدے پر سید ظفر اسلام کو مقرر کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں تقرری سے متعلق معاملات کی مرکزی کابینہ کی کمیٹی نے اس عہدے پر اسلام کی تقرری کی منظوری دی ہے۔عملہ اور تربیت کے سیکشن کی طرف سے جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ ان کی تقرری ایک غیر سرکاری آزاد ڈائریکٹر کے طور پر تین سال کے لئے کی گئی ہے۔سابق انوسٹمنٹ بینکر رہے اسلام گذشتہ پانچ اپریل 2014 کو بی جے پی میں شامل ہوئے تھے اور اس وقت پارٹی کے قومی ترجمان ہیں۔ اس کے علاوہ ایچ اے ایل کے سابق صدر آرتیاگی کو قومی جہاز سروس کے غیر سرکاری آزاد ڈائریکٹر کے عہدے پر مقرر کیا گیا ہے۔یہ پہلی بار نہیں ہے جب ایک بی جے پی لیڈر کو کسی عوامی امور کے بورڈ میں مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے شاذیہ علمی سمیت کئی لیڈروں کی بھی اس طرح کی تقرری کی گئی، انہیں انجینئرس انڈیا لمیٹڈ میں آزاد ڈائریکٹر مقرر کیا گیا اوروہ فی الحال بی جے پی دہلی ریاست کی نائب صدر ہیں۔